پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبے میں دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے، ریاست کے خلاف ہتھیار اٹھانے والوں سے کوئی مذاکرات نہیں ہوں گے۔
پشاور میں حکام کے ہمراہ پریس بریفنگ کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پی ٹی آئی کی سابق صوبائی حکومت دہشتگردی کے خاتمے کے لیے سنجیدہ نہیں تھی۔ خیبرپختونخوا میں امن و امان کا قیام اور دہشتگردی کا مکمل خاتمہ اولین ترجیح ہے۔
گورنر خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ پاکستان کے خلاف افغان سرزمین بھارت کی سہولت کاری کے لیے استعمال ہو رہی ہے۔ پاکستان کی پالیسی اسلام آباد سے آئے گی، جلال آباد اور قندھار سے نہیں۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پولیس کا کردار انتہائی اہم ہے، پولیس اہلکاروں کی استعداد کار بڑھانے اور انہیں مؤثر بنانے کے لیے مزید اقدامات کرنا ہوں گے۔
پریس بریفنگ میں سیکرٹری داخلہ نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کے خلاف پروپیگنڈا کرنے والے ملک دشمن ہیں۔ دہشتگرد نیٹ ورکس کو بے نقاب کرنے کے لیے سوشل میڈیا کی مانیٹرنگ کا نظام مزید بہتر بنایا جا رہا ہے۔




