ٹیکنالوجی
Trending

ٹیسلا کی روبوٹکس کے میدان میں بڑی پیش رفت، انسان نما روبوٹ آپٹیمس کی پیداوار شروع، اگلے سال فروخت کا امکان

 

نیویارک :دنیا کی معروف الیکٹرک گاڑیاں بنانے والی کمپنی ٹیسلا نے انسان نما روبوٹس کی تیاری کا عملی آغاز کردیا۔ کمپنی کے سربراہ ایلون مسک نے اعلان کیا ہے کہ کیلیفورنیا کے شہر فریمونٹ میں آپٹیمس روبوٹس کی ابتدائی پیداوار شروع ہوچکی ہے اور آئندہ سال صارفین کو ان کی فراہمی متوقع ہے۔

ایلون مسک کے مطابق روبوٹس کی تیاری کے لیے جدید پروڈکشن لائن کا بیشتر حصہ نصب کیا جاچکا ہے، جس کی مکمل استعداد سالانہ 10 لاکھ یونٹس تیار کرنے کی ہوگی۔ تاہم اس پیداواری صلاحیت تک پہنچنے میں ایک سال یا اس سے زیادہ عرصہ لگ سکتا ہے۔

ابتدائی طور پر آپٹیمس روبوٹس کو صنعتی شعبے میں خطرناک اور بار بار دہرائے جانے والے کاموں کے لیے استعمال کیا جائے گا، جبکہ مستقبل میں گھروں میں بھی ان کے استعمال کی راہ ہموار کرنے کا منصوبہ ہے۔

ٹیسلا روبوٹس کی تربیت کے لیے 10 ہزار سے 20 ہزار یونٹس پر مشتمل آپٹیمس اکیڈمی قائم کرے گی، جہاں روبوٹس کو مختلف کاموں کی مشق کرائی جائے گی تاکہ ان کی کارکردگی اور فیصلہ سازی کی صلاحیت بہتر بنائی جاسکے۔

ایلون مسک کے مطابق نئی اے آئی فائیو چپ بھی آپٹیمس میں شامل کی جائے گی، جس سے روبوٹس کی کمپیوٹنگ اور مصنوعی ذہانت کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔

رپورٹ کے مطابق عالمی سطح پر انسان نما روبوٹس کی صنعت تیزی سے ترقی کر رہی ہے اور مختلف کمپنیاں فیکٹریوں میں انسانی محنت پر انحصار کم کرنے کے لیے روبوٹک ٹیکنالوجی کو فروغ دے رہی ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button