اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے خسارے میں چلنے والے سرکاری اداروں اور غیر فعال سرکاری املاک کی نجکاری کا عمل تیز کرنے اور مزید خسارے والے اداروں کی نشاندہی کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔
وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں آئیسکو، لیسکو، گیپکو، زرعی ترقیاتی بینک اور اسٹیٹ لائف انشورنس کی نجکاری سے متعلق پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی ایک ہزار 352 ارب روپے مالیت کے 15 منصوبوں پر کام کر رہی ہے، جن میں مختلف شاہراہوں اور کراچی انڈسٹریل پارک کے منصوبے شامل ہیں۔
وزیراعظم نے نجکاری میں حائل قانونی رکاوٹیں دور کرنے اور تمام منصوبے مقررہ وقت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ نجکاری سے قومی خزانے پر بوجھ کم ہوگا اور وسائل عوامی فلاح و بہبود اور ترقیاتی منصوبوں پر خرچ کیے جا سکیں گے۔



