اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے خلا میں موجود پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی سے ویڈیو کال کے ذریعے رابطہ کیا اور ان سے براہِ راست گفتگو کی۔
محمد ذیشان علی اس وقت چین کے تیانگونگ خلائی سٹیشن پر شینژو 24 خلائی مشن کے عملے کے رکن کی حیثیت سے موجود ہیں اور اپنے مشن میں مصروف ہیں۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے چینی خلائی اسٹیشن پر موجود پاکستانی خلا باز سے ویڈیو رابطے کے ذریعے گفتگو کی۔
پاکستانی خلا باز کی خلائی مشن میں شرکت خلائی تحقیق اور سائنسی سرگرمیوں کے حوالے سے پاکستان اور چین کے باہمی تعاون کو نمایاں کرتی ہے۔
واضح رہے کہ تیانگونگ چین کا خلائی اسٹیشن ہے، جہاں مختلف خلائی مشنز کے تحت خلا باز سائنسی تحقیق اور تجربات میں حصہ لیتے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستانی خلا باز محمد ذیشان سے ویڈیو رابطے کے دوران کہا کہ آج کا دن پاکستان کے 24 کروڑ عوام کے لیے باعثِ فخر ہے۔ پاکستان کو اپنے ایسے باصلاحیت نوجوانوں پر فخر ہے جن کے حوصلے ستاروں سے آگے پرواز کرتے ہیں۔
وزیراعظم نے خلا میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے نوجوان کی کامیابی کو سراہا، جبکہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے محمد ذیشان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم کو آپ کی کامیابی پر فخر ہے۔
اس موقع پر پاکستانی خلا باز محمد ذیشان نے کہا کہ خلا میں اپنے ملک کی نمائندگی کرنا میرے لیے اعزاز اور فخر کی بات ہے۔




