اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے 2028 تک بلوچستان کے اہم معدنیاتی منصوبے ریکوڈک کو قومی ریلوے نیٹ ورک سے منسلک کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔
یہ فیصلہ وزیراعظم آفس میں پاکستان ریلویز کی اپ گریڈیشن اور ریکوڈک تک اس کی توسیع سے متعلق ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کے دوران کیا گیا۔ اجلاس میں مستقبل کی کارگو اور نقل و حمل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ریلوے کے مرکزی منصوبوں ML-1 اور ML-3 کی اپ گریڈیشن پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے ریلوے کی ترقی اور ریکوڈک منصوبے کو اس سے جوڑنے کے لیے بین الوزارتی کمیٹی کے قیام کا اعلان بھی کیا، جو اس منصوبے کے لیے درکار مالی وسائل کے حوالے سے عملی تجاویز پیش کرے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان ریلویز ملک کی معیشت اور مواصلاتی نظام میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اور یہ ایک سستا، تیز، اور ماحول دوست ذریعۂ نقل و حمل ہے۔ انہوں نے ریکوڈک کو ریلوے نیٹ ورک سے منسلک کرنے کے منصوبے کو بلوچستان کے معدنی شعبے کی ترقی کے لیے اہم سنگ میل قرار دیا، جو نہ صرف مقامی معیشت کو سہارا دے گا بلکہ روزگار کے بے شمار نئے مواقع بھی پیدا کرے گا۔ اس اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وزیر بحری امور جنید انور چوہدری، وزیر ریلوے حنیف عباسی، وزیر مملکت برائے ریلوے بلال اظہر کیانی، معاون خصوصی طارق فاطمی اور دیگر اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی۔




