بین الاقوامی

آپریشن وعدہ صادق سوم: ایران کا اسرائیلی فضائی حدود پر کنٹرول کا دعویٰ

ہران:  ایران نے آپریشن ‘وعدہ صادق سوم’ کی 11 ویں لہر کا آغاز کرتے ہوئے اسرائیل پر مزید میزائل داغ دیئے جس سے پورے اسرائیل میں خطرے کے سائرن بج اٹھے، ایران کی پاسداران انقلاب نے اسرائیل کے خلاف تازہ حملوں کے بعد دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے "مقبوضہ علاقوں کی فضاؤں پر مکمل کنٹرول” حاصل کر لیا ہے اور اسرائیلی دفاعی نظام ایرانی حملوں کے آگے بے بس ہو چکا ہے۔

ایرانی پاسداران انقلاب اسلامی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ اسرائیل کےخلاف ایرانی حملوں کی 11 ویں لہرصہیونی شرپسندوں کی خود ساختہ اقتدار کی تباہی کا نقطۂ آغاز ہے۔

اسرائیل پر تازہ حملوں میں فتح-1 ہائپرسونک میزائلوں کا استعمال

پاسدران انقلاب کے مطابق اسرائیل کےخلاف تازہ حملوں میں فتح 1 ہائپرسونک میزائلوں کا استعمال کیا گیا اور یہ طاقتور جدید میزائل فتح نے صہیونی بزدلوں کی پناہ گاہوں کو لرزا کر رکھ دیا۔

پاسداران انقلاب نے کہا کہ اسرائیلی فضاؤں پر ہمارا مکمل کنٹرول ہے، صیہونی دفاعی نظام ایران کے میزائل حملوں کے آگے بے بس نظر آ رہا ہے۔

اماراتی صدر کا ایرانی ہم منصب مسعود پزشکیان سے ٹیلیفونک رابطہ

اماراتی صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا، شیخ محمد بن زاید نے اسرائیلی فوج کی جانب سے ایران کو نشانہ بنانے پر ایران کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔

خبر ایجنسی کے مطابق اماراتی قیادت نے خطے میں امن و استحکام کی بحالی کے لیے اقدامات جاری رکھنےکاعزم ظاہر کیا ہے، شیخ محمد بن زاید نے امن و استحکام کے ہراقدام کی حمایت کرنے کا اعادہ بھی کیا ہے۔

ہم صیہونیوں پر کوئی رحم نہیں کریں گے: آیت اللہ خامنہ ای

ادھر امریکی صدر ٹرمپ اور اسرائیلی قیادت کی جانب سے قتل کی پے درپے دھمکیوں کے بعد ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے سخت بیان جاری کردیا۔

سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر جاری بیان میں ایرانی سپریم لیڈر نے کہا کہ ایران دہشتگرد صیہونی ریاست کے خلاف بھرپور طاقت سے کارروائی کرے گا اور صیہونیوں سے بے رحمی برتی جائے گی۔

واضح رہے گزشتہ روز سوشل میڈیا پر جاری بیان میں امریکی صدر ٹرمپ نے ایرانی سپریم لیڈر کو دھمکاتے ہوئے پیغام دیا تھا کہ انہیں علم ہے کہ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کہاں ہیں، وہ آسان ہدف ہیں لیکن ہم ابھی انہیں قتل نہیں کررہے۔

اس سے قبل یہ خبریں بھی سامنے آئی تھیں کہ اسرائیل نے ایرانی سپریم لیڈر کے قتل کا منصوبہ بنایا تھا جسے امریکی صدر نے ویٹو کردیا۔

اسرائیلی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایرانی میزائلوں کی تازہ ترین بارش نے ملک بھر میں فضائی حملے کی وارننگز کو فعال کر دیا ہے جس سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔

پاسداران انقلاب کے ترجمان جنرل علی محمد نے کہا کہ آپریشن وعدہ صادق سوم کی یہ دسویں لہر ہے جو صبح تک جاری رہے گی، ہم دشمن کو ایک لمحہ کے لئے بھی امن میسر نہیں ہونے دیں گے۔

ایرانی مسلح افواج کے چیف آف جنرل سٹاف میجر جنرل سید عبدالرحیم موسوی نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ اسرائیلی جان بچانے کیلئے فوراً حیفہ اور تل ابیب چھوڑ دیں، ایران اسرائیلی حکومت کو اس کے جرائم کی سزا دے کر چھوڑے گا۔

ایران کی امریکی اڈوں کو نشانہ بنانے کی تیاریاں مکمل کرلی: امریکی اخبار کا دعویٰ

امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ ایران نے امریکی اڈوں کو نشانہ بنانے کی تیاریاں مکمل کرلیں۔

امریکی اخبار نے انکشاف کیا کہ امریکی حملوں خصوصاً فردوں پر حملے کی صورت میں ردعمل آئے گا، امریکی اڈوں پر حملہ عراق سے شروع ہوسکتا ہے، ایران آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگیں بچھانے کی حکمت عملی اپنائے گا۔

امریکی اخبار کا مزید کہنا تھا کہ حوثی بحریہ احمر میں جہازوں کو نشانہ بنائیں گے۔

ایران مذاکرات کی میز پر نہ آیا تو پورا ایٹمی پروگرام تباہ ہو سکتا ہے: جرمن چانسلر کی دھمکی

جرمن چانسلر فریڈرک مرز ایران کو دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ ایران مذاکرات کی میز پر نہ آیا تو پورا ایٹمی پروگرام تباہ ہو سکتا ہے۔

جرمن چانسلر فریڈک مرز کا کہنا تھا کہ اسرائیلی فوج کے پاس ایرانی ایٹمی پروگرام تباہ کرنے کی صلاحیت موجود نہیں، امریکی فوج کے پاس ایرانی ایٹمی پروگرام تباہ کرنے کی ٹیکنالوجی موجود ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button