اسلام آباد (ویب ڈیسک):عوام کو مہنگی بجلی کے بوجھ سے نجات دلانے کے لیے وفاقی حکومت نے ایک بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے صوبائی الیکٹریسٹی ڈیوٹی ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس فیصلے کا مقصد بجلی کے نرخوں میں واضح کمی لانا اور صارفین کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر برائے توانائی اویس لغاری کی جانب سے کئی بار بجلی سستی کرنے کی نوید سنائی جا چکی ہے، اور اب حکومت نے عملی قدم اٹھاتے ہوئے تمام صوبائی وزرائے اعلیٰ کو باقاعدہ خط لکھ دیا ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ بجلی کے بلوں پر مختلف قسم کے اضافی چارجز عوام پر غیر ضروری مالی بوجھ بن چکے ہیں، جن میں صوبائی الیکٹریسٹی ڈیوٹی بھی شامل ہے۔
وفاقی وزیر نے لکھا کہ جولائی 2025 سے بجلی کے بلوں سے یہ ڈیوٹی ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ صارفین کو صرف بجلی کی اصل قیمت ادا کرنی پڑے۔
وفاقی حکومت نے صوبوں کو متبادل ریونیو اکٹھا کرنے کے طریقے وضع کرنے کی تجویز بھی دی ہے، تاکہ مالی توازن برقرار رکھا جا سکے۔
یاد رہے کہ پاکستان دنیا کے ان چند ممالک میں شامل ہے جہاں بجلی کا ٹیرف سب سے زیادہ ہے۔ اس مسئلے کے حل کے لیے حکومت نے گزشتہ برس آئی پی پیز (نجی بجلی پیدا کرنے والے اداروں) سے مذاکرات کا آغاز کیا تھا، جس کے نتیجے میں کئی کمپنیوں نے بجلی کی قیمتیں کم کرنے پر آمادگی ظاہر کی۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے بھی اس حوالے سے خوشخبری دیتے ہوئے کہا تھا کہ آئی پی پیز سے مذاکرات خوش اسلوبی سے جاری ہیں اور جلد بجلی کی قیمتوں میں واضح کمی متوقع ہے۔
حکومت نے آئی ایم ایف کو بھی اس حوالے سے اپنا پلان پیش کیا ہے، جس کے تحت کیپٹو پاور لیوی کے ذریعے بجلی سستی کرنے کے لیے جامع حکمت عملی پر کام کیا جا رہا ہے۔




