اسلام آباد / راولپنڈی : ملک کے مختلف علاقوں میں علی الصبح ہونے والی تیز بارش اور ژالہ باری کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا، جبکہ بعض نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے سے شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
اسلام آباد اور راولپنڈی میں صبح سویرے تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی۔ چند علاقوں میں ژالہ باری بھی دیکھی گئی، جس سے موسم میں نمایاں ٹھنڈک آ گئی اور سردیوں کے باضابطہ آغاز کا تاثر ابھرنے لگا۔ سرد ہواؤں نے فضا کو خنک اور خوشگوار بنا دیا۔
راولپنڈی کے متعدد علاقوں میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا، جس کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا۔ شہریوں کو سڑکوں پر پانی کھڑا ہونے اور ٹریفک کی روانی میں خلل جیسے مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔
دوسری جانب خیبرپختونخوا کے علاقوں باجوڑ، مالاکنڈ اور سوات میں بھی رات گئے شدید بارش اور ژالہ باری ہوئی۔ ان علاقوں میں موسم سرد ہو چکا ہے اور مکینوں نے گرم کپڑوں کا استعمال شروع کر دیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج مری، گلیات، جہلم، گوجرانوالہ اور لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں مزید بارش کا امکان ہے۔ خیبرپختونخوا کے علاقوں دیر، چترال، پشاور اور مردان میں بھی بارش متوقع ہے۔ اس کے علاوہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
سندھ میں کراچی، حیدرآباد اور میرپورخاص کے بعض علاقوں میں ہلکی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ممکنہ طوفانی ہواؤں اور ژالہ باری سے محتاط رہنے کی ہدایت جاری کی ہے، جبکہ متعلقہ اداروں کو بھی الرٹ رہنے کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔




