اسلام آباد : نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارشوں کی پیش گوئی کے بعد الرٹ جاری کرتے ہوئے سیلابی خطرات سے آگاہ کیا ہے۔ اتھارٹی نے کہا ہے کہ دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کی سطح میں تیزی سے اضافہ ہو سکتا ہے جس کے باعث سیلاب کی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق دریائے سندھ، کابل، چناب، سوات، چترال، ہنزہ، شمال مشرقی پنجاب، جنوبی بلوچستان اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں پانی کی سطح میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔ خاص طور پر دریائے جہلم اور اس سے جُڑے ندی نالوں میں اچانک طغیانی آنے کا خطرہ ہے۔
جنوبی بلوچستان کے اضلاع آواران، خضدار، جھل مگسی اور قلعہ سیف اللہ میں بھی سیلابی صورتحال کا خطرہ موجود ہے اور متعلقہ حکام نے عوام کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔
این ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ موسمی تبدیلیوں پر گہری نظر رکھیں اور حفاظتی تدابیر اختیار کریں تاکہ جانی و مالی نقصانات سے بچا جا سکے۔ اس کے علاوہ ادارے نے متعلقہ حکام کو بھی ہنگامی تیاریاں مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔




