لاہور:لاہور میں ٹریفک پولیس کی نگرانی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اہلکاروں کی وردیوں پر باڈی کیمرے لگانے کا عمل جاری ہے۔ چیف ٹریفک آفیسر لاہور، ڈاکٹر اطہر وحید کے مطابق مال روڈ اور کینٹ سیکٹرز کے بعد اب دیگر علاقوں میں بھی 200 مزید ٹریفک وارڈنز کو باڈی کیمرے فراہم کیے گئے ہیں۔ اب تک تقریباً 400 باڈی کیمرے اہلکاروں کی وردیوں کے ساتھ منسلک کیے جا چکے ہیں۔
ان کیمروں کا مقصد ٹریفک چالان کے دوران مکمل ویڈیو ثبوت فراہم کرنا اور دوران ڈیوٹی کارِ سرکار میں مداخلت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کے لیے شواہد جمع کرنا ہے۔ اس سے نہ صرف جرائم کی روک تھام میں مدد ملے گی بلکہ سڑک پر ہونے والے احتجاج اور دیگر واقعات کی فوری نگرانی بھی ممکن ہو گی۔
ڈاکٹر اطہر وحید نے کہا کہ یہ اقدام ٹریفک پولیس کی کارکردگی کو بہتر بنانے اور شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔




