اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے پاکستان کی معاشی کامیابیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا ہے کہ ملک نے معاشی محاذ پر اہم پیشرفت کی ہے۔ وزیر خزانہ نے چینی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں بتایا کہ پاکستان نے معاشی استحکام کی طرف قدم بڑھایا ہے اور مہنگائی کی شرح اب سنگل ڈیجٹ میں آچکی ہے، جو کہ ایک اہم کامیابی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر میں بھی بہتری آئی ہے اور موجودہ ذخائر اڑھائی ماہ کی درآمدات کے لیے کافی ہیں۔ وزیر خزانہ کے مطابق، یہ معاشی کامیابیاں عالمی سطح پر بھی سراہا گئی ہیں، جس سے پاکستان کی اقتصادی حیثیت کو مزید استحکام ملا ہے۔
محمد اورنگزیب نے انکشاف کیا کہ تین بڑی بین الاقوامی ریٹنگ ایجنسیوں نے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری کی ہے، جو کہ پاکستان کے عالمی اقتصادی موقف کی مضبوطی کو ظاہر کرتی ہے۔ گزشتہ مالی سال میں پاکستان کی جی ڈی پی میں 3 فیصد اضافہ ہوا تھا، اور اس سال 4 فیصد سے زائد کی ترقی کا ہدف رکھا گیا تھا۔
سیلاب کے اثرات کے حوالے سے وزیر خزانہ نے کہا کہ قدرتی آفات کی وجہ سے ترقی کی رفتار میں کچھ کمی ہو سکتی ہے، تاہم وہ پرامید ہیں کہ رواں مالی سال کے آخر تک 3.5 فیصد شرح نمو حاصل کر لی جائے گی۔
سی پیک کے دوسرے مرحلے کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ اس میں اہم پیشرفت ہوئی ہے اور حال ہی میں بیجنگ میں 24 مشترکہ منصوبوں پر معاہدے ہوئے ہیں۔ ان منصوبوں سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، جو معیشت کے لیے فائدہ مند ثابت ہوں گے۔




