پاکستان کے سابق وزیراعظم اور پی ٹی آئی کے بانی عمران خان کے بیٹوں، قاسم اور سلیمان خان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سابق خصوصی ایلچی رچرڈ گرینل سے ملاقات کی ہے۔ کیلیفورنیا میں ہونے والی اس ملاقات کو عمران خان کی رہائی کے لیے امریکہ میں باقاعدہ مہم کا نقطہ آغاز قرار دیا جا رہا ہے۔
رچرڈ گرینل نے ملاقات کی تصدیق ایکس (سابق ٹوئٹر) پر کی اور کہا کہ انہوں نے عمران خان کے بیٹوں کو "حوصلہ بلند رکھنے” کا مشورہ دیا۔ ان کے مطابق، "دنیا بھر میں لاکھوں افراد سیاسی انتقام پر مبنی مقدمات سے پریشان ہیں، آپ تنہا نہیں ہیں۔”
عمران خان کے بیٹوں نے پاکستانی نژاد امریکی سیاستدان اور مذہبی آزادی کے امریکی کمیشن (USCIRF) کے نائب چیئرمین ڈاکٹر آصف محمود سے بھی ملاقات کی۔ ڈاکٹر آصف نے سوشل میڈیا پر ملاقات کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا، "قاسم اور سلیمان اپنے والد کی رہائی کے لیے جرات مندانہ کردار ادا کر رہے ہیں۔”
انہوں نے سابق امریکی ایلچی رچرڈ گرینل کی "انصاف اور اصولوں کی حمایت” پر تعریف کرتے ہوئے عمران خان کی رہائی کے لیے عالمی اتحاد پر زور دیا۔
یاد رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں عمران خان کی بہن علیمہ خان نے کہا تھا کہ قاسم اور سلیمان پہلے امریکا جائیں گے تاکہ عالمی سطح پر اپنے والد کی قید کے خلاف آواز بلند کر سکیں، بعد ازاں وہ پاکستان آ کر تحریک کا حصہ بنیں گے۔
عمران خان اگست 2023 سے اڈیالہ جیل میں قید ہیں، جہاں وہ 190 ملین پاؤنڈ کرپشن کیس میں سزا کاٹ رہے ہیں۔ ان پر 9 مئی 2023 کے پرتشدد واقعات سمیت دیگر مقدمات بھی زیر سماعت ہیں۔
0 10 1 minute read




