پاکستانکھیل

ایشیا کپ میں پاک بھارت ٹاکرے کے لیے بی سی سی آئی نے وقت مانگ لیا، حتمی اعلان جلد متوقع

ایشین کرکٹ کونسل کا سالانہ جنرل اجلاس ڈھاکہ میں اختتام پذیر ہو گیا، جس میں ایشیا کپ 2025 کے انعقاد، ٹیموں کی تعداد میں اضافے، اور پاک بھارت ٹاکرے کے حوالے سے اہم معاملات زیر غور آئے۔ تاہم، بھارتی کرکٹ بورڈ بی سی سی آئی نے ٹورنامنٹ کے شیڈول اور روایتی حریفوں کے ٹاکرے کے حوالے سے مزید وقت کی درخواست کر دی ہے۔
اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اے سی سی کے صدر اور پی سی بی چیئرمین محسن نقوی نے بتایا کہ بی سی سی آئی کے زیر غور مسائل کو جلد حل کر لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم ورک کے ساتھ تمام ممبران اگر مل کر چلیں گے تو ایشین کرکٹ کونسل کو بڑی کامیابیاں ملیں گی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں ایشیا کپ میں شریک ٹیموں کی تعداد چھ سے بڑھا کر آٹھ کرنے کی تجویز پر غور کیا گیا، اور یہ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اگلا ایڈیشن آٹھ ٹیموں پر مشتمل ہوگا۔ اسی اجلاس میں اے سی سی کے رکن ممالک نے بی سی سی آئی کی درخواست پر شیڈول کے اعلان میں مزید مہلت دینے پر اتفاق کیا ہے۔
چیئرمین محسن نقوی نے اس امید کا اظہار کیا کہ تمام مسائل حل کر کے ایشیا کپ کا انعقاد کامیابی سے مکمل کیا جائے گا۔ ان کے بقول ایشیا کپ کا معاملہ اے سی سی اور بی سی سی آئی کے درمیان ہے، مجھے امید ہے تمام مسائل جلد حل ہوں گے۔ ہم سب نے اتفاق کیا ہے کہ اے سی سی کو سیاست سے پاک رکھ کر صرف کرکٹ کی بہتری پر کام کیا جائے گا۔
اے سی سی اجلاس میں متعدد اہم امور پر اتفاق رائے ہوا، جن میں کرکٹ کلینڈر 2025-26 اور بجٹ کی منظوری، ایشین گیمز 2026 میں کرکٹ کی شمولیت کی تصدیق (ایونٹ میں مردوں کی 10 اور خواتین کی 8 ٹیمیں شریک ہوں گی)، منگولیا، ازبکستان، اور فلپائن کو اے سی سی میں باقاعدہ شامل کرنے جیسے معاملات شامل ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button