لاہور:وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پاک فوج نے آپریشن "بنیان مرصوص” میں تاریخی فتح حاصل کر کے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا پاکستان کی مسلح افواج کی دفاعی صلاحیتوں اور پیشہ وارانہ مہارت کی معترف ہے۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی مدبرانہ قیادت میں پاکستان نے پانچ گنا بڑے دشمن کو عبرتناک شکست دی، اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی بہترین جنگی حکمت عملی کے باعث بھارت جنگ بندی پر مجبور ہوا۔
انہوں نے کہا کہ بانی تحریک انصاف شدید ذہنی دباؤ میں ہیں اور افواج پاکستان کے خلاف سوشل میڈیا پر منفی پروپیگنڈہ مہم کی قیادت کر رہے ہیں۔ ان کے بقول، پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا ادارے اس منفی مہم میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔
وزیراطلاعات پنجاب نے اس بات کو بھی اعزاز قرار دیا کہ پاکستان کے آرمی چیف کو امریکی صدر کی جانب سے سرکاری عشائیہ میں مدعو کیا گیا، جو کہ عالمی سطح پر پاکستان کے وقار کی علامت ہے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ نوجوان نسل اپنی بہادر افواج کو بھارت کے خلاف تاریخی فتح پر خراج تحسین پیش کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جو لوگ اپنے دورِ اقتدار میں سیاسی مخالفین کو جیلوں میں ڈالنے میں مصروف تھے، آج قانون کی حکمرانی کی باتیں کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے سازشی عناصر اور ان کے سہولت کاروں کو قانون کے مطابق سزائیں دی جا رہی ہیں، جو کہ حقیقی قانون کی بالادستی کا ثبوت ہے۔




