پاکستان
Trending

پنجاب میں دریاؤں کا بہاؤ کمزور ہونے لگا، سیلاب کی صورتحال میں بہتری کی توقع: پی ڈی ایم اے

 

لاہور: پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے اعلان کیا ہے کہ صوبے میں دریاؤں کا پانی کا بہاؤ اب آہستہ آہستہ معمول کی سطح کی طرف واپس آ رہا ہے، جس کے باعث سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں صورتحال بہتر ہونے کے امکانات ہیں۔

پی ڈی ایم اے کے ڈائریکٹر جنرل عرفان علی کاٹھیا کے مطابق دریائے پنجند پر ابھی بھی اونچے درجے کا سیلاب جاری ہے جہاں پانی کا بہاؤ تقریباً تین لاکھ سات ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔ دریائے ستلج کے گنڈا سنگھ والا میں درمیانے درجے کا سیلاب ہے اور پانی کا بہاؤ ایک لاکھ آٹھ ہزار کیوسک ہے، جبکہ ہیڈ سلیمانکی پر نچلے درجے کا سیلاب موجود ہے اور پانی کا بہاؤ 89 ہزار کیوسک ہے۔

عرفان علی کاٹھیا نے مزید بتایا کہ دریائے چناب، راوی اور دیگر بڑے نالوں میں پانی کا بہاؤ اب معمول کی سطح پر آ چکا ہے۔ انہوں نے شہریوں کو آگاہ کیا کہ جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

پی ڈی ایم اے کی جانب سے گزشتہ روز جاری کردہ رپورٹ کے مطابق، سیلاب کی تباہ کاریوں سے اب تک 104 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، 45 لاکھ سے زائد لوگ متاثر ہوئے ہیں اور 4700 سے زائد دیہات پانی تلے آ چکے ہیں۔ دریائے راوی، چناب اور ستلج کے سیلابی ریلے نے صوبے میں بڑے پیمانے پر نقصان پہنچایا ہے۔

ادارے نے مون سون بارشوں کے 11 ویں سپیل کا الرٹ بھی جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ 16 سے 19 ستمبر کے دوران دریاؤں کے بالائی علاقوں میں مزید بارشوں کا امکان ہے، جس کے پیش نظر عوام کو حفاظتی اقدامات پر عمل درآمد کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button