اسلام آباد : وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ملک کی آدھی سے زائد بیوروکریسی نے پرتگال میں جائیدادیں خرید رکھی ہیں اور اب وہاں شہریت حاصل کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔
خواجہ آصف نے ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ یہ نامی گرامی بیوروکریٹس اربوں روپے کے ناجائز فوائد حاصل کر کے آرام دہ زندگی گزار رہے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ سابق وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے ایک قریبی بیوروکریٹ نے اپنی بیٹیوں کی شادی پر صرف سلامی کے طور پر چار ارب روپے وصول کیے اور اب سکون کی زندگی گزار رہا ہے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ سیاستدانوں کے پاس بیرون ملک پراپرٹی یا شہریت نہیں کیونکہ انہیں الیکشن لڑنا پڑتا ہے، جبکہ اصل فائدہ بیوروکریسی اٹھا رہی ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ یہ رویہ احتساب کے نظام اور ملک کی سلامتی کے لیے تشویش کا باعث ہے۔




