اسلام آباد:اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے تعلیمی میدان میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ کے لیے مفت الیکٹرک بائیکس دینے اور عوام کے لیے ای رکشوں پر سبسڈی کی منظوری دے دی۔
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اجلاس میں بتایا گیا کہ اسکیم کے پہلے مرحلے میں 40 ہزار بائیکس اور 1 ہزار ای رکشے فراہم کیے جائیں گے۔
وزارت خزانہ کے مطابق مجموعی طور پر 1 لاکھ 16 ہزار ای بائیکس اور 3 ہزار 170 رکشے ملیں گے۔ اس مقصد کے لیے 9 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔
اجلاس میں ترسیلات زر اسکیم کے واجبات کی ادائیگی کے لیے 30 ارب روپے کی ضمنی گرانٹ اور قائداعظم یونیورسٹی کے لیے 2 ارب روپے کی بیل آؤٹ گرانٹ کی بھی منظوری دی گئی۔




