ٹوکیو: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اپنے سرکاری غیر ملکی دورے کے سلسلے میں تھائی لینڈ سے جاپان پہنچ گئیں۔ وہ ٹوکیو کے ہونڈا ایئرپورٹ پر اتریں، جہاں ان کا پرتپاک خیرمقدم کیا گیا۔
جاپان کی حکومت کے اعلیٰ حکام اور سفارتی نمائندے وزیراعلیٰ پنجاب کے استقبال کے لیے موجود تھے۔ جاپان میں تعینات پاکستان کے سفیر عبد الحمید نے مریم نواز شریف اور ان کے وفد کا باضابطہ خیرمقدم کیا۔
جاپان میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے افراد کی بڑی تعداد بھی ایئرپورٹ پر موجود تھی، جنہوں نے اپنے جذبے اور محبت کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کا استقبال کیا۔ اوورسیز پاکستانیوں نے مریم نواز شریف کے دورے کو دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مضبوط بنانے اور تارکینِ وطن کے مسائل کو اجاگر کرنے کی اہم کوشش قرار دیا۔
اپنے قیام کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب کی جاپانی حکام، سرمایہ کاروں، اور پاکستانی کمیونٹی سے اہم ملاقاتیں متوقع ہیں، جن کا مقصد باہمی اقتصادی تعاون، تجارتی روابط اور تعلیمی شعبوں میں شراکت داری کو فروغ دینا ہے۔




