لاہور: پنجاب حکومت نے لاہور میں ٹرام سروس مارچ 2026 تک شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ وزیرِ ٹرانسپورٹ پنجاب بلال اکبر خان کے مطابق منصوبے کا آزمائشی مرحلہ کامیابی سے مکمل ہو چکا ہے، اور پہلے مرحلے میں یہ سروس ٹھوکر نیاز بیگ سے ہربنس پورہ تک چلائی جائے گی۔
منصوبے پر 30 لاکھ ڈالر کی لاگت آئے گی، جو لاہور میں پبلک ٹرانسپورٹ کے بنیادی ڈھانچے میں اہم بہتری کا سبب بنے گا۔ بلال اکبر خان کے مطابق یہ ٹرام سروس شہریوں کو سستی، محفوظ اور جدید سفری سہولت فراہم کرے گی۔
وزیر ٹرانسپورٹ نے مزید بتایا کہ گوجرانوالہ میٹرو منصوبے کی گراؤنڈ بریکنگ ستمبر میں ہوگی۔فیصل آباد میٹرو بس سروس کا آغاز اکتوبر کے آخر میں متوقع ہے۔ان دونوں منصوبوں سے یومیہ 2 لاکھ 96 ہزار مسافر مستفید ہوں گے۔ پنجاب حکومت اگلے چند ماہ میں 1100 الیکٹرک بسیں بھی متعارف کرانے جا رہی ہے تاکہ صوبے بھر میں ماحول دوست ٹرانسپورٹ کا نظام مضبوط کیا جا سکے۔




