اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔
خیبر پختونخوا میں سوات، کالام، دیر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، پشاور، مردان، کوہاٹ سمیت مختلف علاقوں میں بارش کا امکان ہے، جبکہ پنجاب میں لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، فیصل آباد، سرگودھا، چنیوٹ اور اوکاڑہ سمیت کئی شہروں میں وقفے وقفے سے بارش متوقع ہے۔
این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ خراب موسم کے باعث درخت گرنے، بجلی کی بندش، کمزور عمارتوں کو نقصان اور ٹریفک حادثات پیش آ سکتے ہیں۔
عوام کو غیر ضروری سفر سے گریز، گاڑیوں کو محفوظ مقامات پر پارک کرنے اور غیر محفوظ تعمیرات سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔




