اسلام آباد: پاکستان کی مسلح افواج نے آج پائلٹ آفیسر راشد منہاس شہید (نشانِ حیدر) کی 54 ویں برسی پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔ آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق، چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کے چیئرمین جنرل ساحر شمشاد مرزا اور چیف آف ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے راشد منہاس کو قوم کا ہیرو قرار دیا اور ان کی قربانی کو سراہا۔
20 اگست 1971 کو راشد منہاس شہید نے اپنے ملک کی خودمختاری کے تحفظ کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا تھا۔ ان کے اس جذبے، وفاداری اور حب الوطنی کو نہ صرف مسلح افواج بلکہ پوری قوم کے لیے ایک روشن مثال قرار دیا جاتا ہے۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ راشد منہاس کی بہادری ہمیں آزادی کی قیمت اور وطن کے دفاع کے لیے حوصلے کی اہمیت کا احساس دلاتی ہے۔ ان کی شہادت نے دشمن کے ناپاک عزائم کو شکست دی اور پاکستان ایئر فورس کی تاریخ میں ایک یادگار باب رقم کیا۔
مسلح افواج نے اپنے بیان میں اس عزم کا اعادہ کیا کہ وطن کی سلامتی کے لیے جانوں کے نذرانے دینے والوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور ان کی قربانی کو سلام پیش کیا جائے گا۔




