وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے رات گئے پشاور کے لیڈی ریڈنگ ہسپتال کا اچانک دورہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے مریضوں کے لواحقین سے ملاقات کی اور ہسپتال میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کے بارے میں تفصیلی معلومات حاصل کیں۔
اس موقع پر شہریوں نے ہسپتال کی مجموعی صورتحال، صفائی کے ناقص انتظامات اور طبی عملے کی سست روی سے متعلق شکایات کے انبار لگا دیے۔ مریضوں کے لواحقین کا کہنا تھا کہ بروقت علاج اور مناسب توجہ نہ ملنے کے باعث انہیں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
وزیراعلیٰ نے شکایات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ہسپتال کے انتظامات فوری طور پر بہتر بنائے جائیں اور مریضوں کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے ہسپتال انتظامیہ سے واقعے کی مکمل رپورٹ بھی طلب کر لی ہے۔




