بین الاقوامیپاکستانتازہ ترین

پاکستانی فوج قومی استحکام کی بنیاد، پاک چین دوستی کی مضبوط حفاظت: چینی وزیر خارجہ

اسلام آباد/بیجنگ: چینی وزیر خارجہ وانگ ای کی پاکستان کے چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ایک اہم ملاقات ہوئی ہے جس میں دونوں جانب سے پاک چین تعلقات کی مضبوطی اور استحکام پر زور دیا گیا۔ چینی وزارت خارجہ نے اس ملاقات پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی فوج قومی استحکام کا ستون ہے اور پاک چین دوستی و تعاون کی مضبوط محافظ ہے۔

وانگ ای نے کہا کہ پاکستانی فوج نے ہمیشہ دونوں ممالک کی قیادت کے درمیان طے پانے والے اہم فیصلوں پر عمل درآمد کی بھرپور حمایت کی ہے جس سے پاک چین تعلقات کو خاص تقویت ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں بڑھتی ہوئی غیر یقینی صورتحال کے پیش نظر مضبوط پاک چین تعلقات کا فروغ علاقائی امن اور استحکام کے لیے نہایت سودمند ہے۔

چینی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ چین نے ہمیشہ اپنی پڑوسی سفارت کاری میں پاکستان کو اولین ترجیح دی ہے اور وقت کے کڑے امتحانات کے باوجود پاک چین تعلقات مزید مضبوط ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک نے ایک مضبوط روایتی دوستی قائم کی ہے اور چین پاکستان کی علاقائی سالمیت اور قومی سلامتی کے تحفظ میں بھرپور تعاون جاری رکھے گا۔ علاوہ ازیں، چین عالمی امور میں پاکستان کے بڑھتے ہوئے کردار کا خیرمقدم کرتا ہے۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بھی اس ملاقات کے دوران پاک چین دوستی کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ چین پاکستان کا آہنی دوست ہے اور دونوں ممالک ہمیشہ ایک دوسرے کے دکھ سکھ میں شریک رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاک چین اسٹریٹجک شراکت داری چٹان کی طرح مضبوط ہے اور چین کے ساتھ دوستانہ تعلقات برقرار رکھنا پوری پاکستانی قوم کا متفقہ مؤقف ہے۔ فیلڈ مارشل نے پاکستان کی معاشی و سماجی ترقی میں چین کے تعاون پر چینی قیادت کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پاکستانی فوج انسداد دہشت گردی اور سیکیورٹی تعاون کو فعال طور پر فروغ دینے کے لیے تیار ہے اور پاکستان میں چینی اہلکاروں، منصوبوں اور اداروں کی حفاظت کو یقینی بنانے کی کوششیں جاری رہیں گی۔ فیلڈ مارشل نے کہا کہ پاک چین دوستی کو مزید مستحکم بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے اور ترقی کی راہ پر سفر جاری رکھا جائے گا۔

یہ ملاقات پاک چین تعلقات کی مضبوطی اور خطے میں امن و استحکام کے لیے دونوں ممالک کی مشترکہ کاوشوں کی عکاسی کرتی ہے اور دونوں ملکوں کے درمیان اعتماد اور تعاون کے فروغ کا ثبوت ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button