قصور: پنجاب رینجرز نے دیگر امدادی اداروں کے ساتھ مل کر سرحدی علاقوں میں سیلاب سے متاثرہ عوام کی مدد کے لیے ہنگامی ریسکیو آپریشنز تیز کر دیے ہیں۔ ضلع قصور کے علاقے گنڈا سنگھ والا میں رینجرز کے اہلکاروں نے سیلاب کی لپیٹ میں پھنسے ہوئے افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔
ریسکیو ٹیموں نے نہ صرف متاثرہ افراد کی محفوظ منتقلی کو یقینی بنایا بلکہ ان کے قیمتی سامان اور اثاثے بھی بحفاظت منتقل کیے۔ سیلاب کی صورتحال کے پیش نظر پنجاب رینجرز دیگر ریسکیو اداروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں تاکہ امدادی کارروائیاں مؤثر انداز میں انجام دی جا سکیں۔
پنجاب رینجرز کے حکام نے تصدیق کی ہے کہ ان کے اہلکار ہر قسم کی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لیے چوکس اور مکمل طور پر تیار ہیں تاکہ متاثرہ افراد کو بروقت مدد فراہم کی جا سکے۔




