اسلام آباد:وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ ملک کی معیشت درست سمت پر گامزن ہے اور اس میں بہتری کا اعتراف عالمی ادارے بھی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملکی نظم و نسق میں پبلک سرونٹس کا کردار بنیادی اہمیت کا حامل ہے اور بروقت فیصلے ہی کامیابی کی ضمانت ہیں۔
وزیر خزانہ نے موسمیاتی تبدیلی اور آبادی میں اضافے کو اہم چیلنجز قرار دیتے ہوئے کہا کہ مالیاتی استحکام کوئی حتمی منزل نہیں بلکہ مسلسل جاری رہنے والا عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2022 کے سیلاب سے پاکستان کو 30 ارب ڈالر سے زائد کا نقصان ہوا، تاہم حکومت نے اس صورتحال کا مؤثر مقابلہ کیا۔
محمد اورنگزیب نے بتایا کہ پاکستان انٹرنیشنل کیپٹل مارکیٹ میں پانڈا بانڈز کے ذریعے داخل ہو رہا ہے، اور موڈیز نے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری کا عندیہ دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مائیکرو اکنامک استحکام کے لیے بہتر مینجمنٹ اور پبلک مینجمنٹ کی بہتری ضروری ہے، جس کے لیے بروقت اور مؤثر فیصلے کیے جا رہے ہیں۔




