اسلام آباد :پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے عراقی فضائیہ کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل اسٹاف پائلٹ موحنّد غالب محمد رعدی الاسدی نے ایئر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں ملاقات کی، جس میں دوطرفہ دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، ملاقات میں مشترکہ تربیت، آپریشنل صلاحیتوں میں اضافہ، اور ایوی ایشن ٹیکنالوجی میں اشتراک جیسے امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
دورے کے دوران عراقی وفد کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، جبکہ کمانڈر عراقی فضائیہ نے پاک فضائیہ کی قیادت، تربیتی نظام اور تکنیکی ترقی کو سراہتے ہوئے کہا کہ عراقی فضائیہ، پی اے ایف کے تجربے سے بھرپور استفادہ کرنا چاہتی ہے۔
ایئر چیف مارشل نے کہا کہ پاکستان اور عراق کے درمیان برادرانہ تعلقات دونوں ممالک کی فضائی افواج کے مضبوط رابطے کا باعث ہیں۔ انہوں نے عراقی فضائیہ کو مکمل تربیتی تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
عراقی وفد نے بعد ازاں نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک، سائبر کمانڈ اور انٹیگریٹڈ ایئر آپریشنز سینٹر کا دورہ بھی کیا، جہاں انہیں پاک فضائیہ کی جدید صلاحیتوں پر بریفنگ دی گئی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ ملاقات دونوں ممالک کے درمیان دفاعی شراکت داری کو مضبوط بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔




