البانیا: وزیراعظم ایڈی راما نے دنیا کا پہلا ورچوئل وزیر متعارف کرایا ہے جسے عوامی ٹینڈرز کی نگرانی کی ذمہ داری دی گئی ہے تاکہ کرپشن کا خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔
نئی کابینہ کے اعلان کے دوران وزیراعظم راما نے "دییلا” نامی AI وزیر کا تعارف کرایا، جو البانیا میں "سورج” کے معنوں میں ہے۔ دییلا ایک مکمل ڈیجیٹل نمائندہ ہے جو جسمانی طور پر موجود نہیں بلکہ مصنوعی ذہانت کے ذریعے کام کرتی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ دییلا عوامی ٹینڈرز کی شفافیت کو یقینی بنائے گی، رشوت اور غیر قانونی سرگرمیوں کو روکنے میں مدد دے گی، اور حکومت کے مختلف محکموں سے متعلق معاملات کا غیر جانبدارانہ جائزہ لے گی۔
دییلا کو جنوری 2025 میں بطور ڈیجیٹل اسسٹنٹ لانچ کیا گیا تھا اور یہ صارفین کو صوتی احکامات کے ذریعے 95 فیصد سرکاری خدمات فراہم کرتی ہے۔ یہ ورچوئل نمائندگی خواتین کی صورت میں ہے جو روایتی البانوی لباس پہنے ہوئے ہے۔
یہ منفرد قدم البانیا میں حکومت میں ٹیکنالوجی کے بڑھتے ہوئے کردار کو ظاہر کرتا ہے اور یورپی یونین میں شمولیت کی کوششوں کو بھی مضبوط کرتا ہے۔
تاہم، اس اقدام پر تنقید بھی ہوئی ہے اور کچھ حلقے اسے عملی چیلنجز کا شکار سمجھتے ہیں۔ ایک فیس بک صارف نے تبصرہ کیا، "یہاں تک کہ AI بھی کرپٹ ہو سکتی ہے۔”
وزیراعظم راما نے حالیہ انتخابات میں چوتھی بار کامیابی کے بعد اپنی نئی کابینہ کو جلد پارلیمنٹ میں پیش کرنے کا اعلان کیا ہے، اور ان کا مقصد ملک میں کرپشن کے خاتمے اور 2030 تک یورپی یونین میں شمولیت ہے۔




