مظفرگڑھ: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سیلاب سے متاثرہ علاقے علی پور کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے فلڈ ریلیف کیمپ میں مقیم متاثرین سے ملاقات کی اور دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا۔
دورے کے دوران وزیراعلیٰ کو ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ اور ڈی جی پی ڈی ایم اے نے سیلابی صورتحال، متاثرہ خاندانوں اور جاری امدادی سرگرمیوں سے متعلق بریفنگ دی۔
مریم نواز نے ریلیف کیمپ میں موجود خواتین، بچوں اور بزرگوں سے گفتگو کی، ان کے مسائل سنے اور موقع پر موجود حکام کو فوری اقدامات کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے بچوں میں تحائف تقسیم کیے اور خود متاثرہ خاندانوں کو کھانا پیش کیا، جس پر متاثرین نے ان کا شکریہ ادا کیا۔
سیلاب کے دوران جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کو وزیراعلیٰ نے امدادی چیک بھی دیے۔ اس موقع پر صوبائی وزرا مریم اورنگزیب، خواجہ عمران نذیر اور صہیب بھرتھ بھی ہمراہ تھے۔
مریم نواز نے کہا کہ پنجاب حکومت متاثرہ علاقوں کی مکمل بحالی تک متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔




