ابوظبی: ٹی20 ایشیا کپ 2025 کے ساتویں میچ میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے عمدہ بیٹنگ اور شاندار باؤلنگ کے ذریعے عمان کو 42 رنز سے شکست دے دی۔
ابوظبی میں کھیلے گئے گروپ ’اے‘ کے اس میچ میں عمان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ یو اے ای کے بلے بازوں نے اس فیصلے کو غلط ثابت کر دیا اور مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 172 رنز اسکور کیے۔
اوپنرز محمد وسیم اور علی شان شرفو نے ٹیم کو مضبوط آغاز فراہم کیا۔ دونوں کے درمیان پہلی وکٹ پر 88 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ علی شان نے 51 رنز کی تیز رفتار اننگز کھیلی جس میں 7 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا، جبکہ کپتان محمد وسیم نے 69 رنز کی شاندار باری کھیلی، جس میں 6 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔
محمد زوہیب نے 21 اور ہرشیت کوشک نے 19 رنز اسکور کیے۔ عمان کی طرف سے جیتن دو وکٹیں لینے میں کامیاب رہے۔
جواب میں عمان کی ٹیم مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں مشکلات کا شکار رہی اور پوری ٹیم 130 رنز تک محدود رہی۔ یو اے ای کے گیند بازوں نے نپی تلی باؤلنگ کے ذریعے عمان کے بلے بازوں کو قابو میں رکھا۔
اس میچ کے بعد گروپ اے کی تمام ٹیمیں اپنے اپنے دو میچز مکمل کر چکی ہیں۔ عمان اپنا پہلا میچ بھارت سے ہار چکا ہے، جبکہ یو اے ای کا اگلا مقابلہ پاکستان کے ساتھ ہوگا، جو گروپ کی صورتحال کے لیے فیصلہ کن ثابت ہو سکتا ہے۔




