لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں گندم کی غیر قانونی ذخیرہ اندوزی کے خلاف فیصلہ کن اقدامات کا اعلان کیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب بھر میں تمام فلور ملز، آڑھتیوں اور ذخیرہ کنندگان کو گندم کا موجودہ اسٹاک ظاہر کرنے کے لیے 3 دن کی مہلت دی جائے گی۔
مہلت ختم ہونے کے بعد غیر قانونی ذخیرہ کرنے والوں کے خلاف فوری اور سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
سیلاب کے دوران گندم کو محفوظ مقام پر منتقل نہ کرنے کی غفلت پر ڈی جی فوڈ ڈیپارٹمنٹ کو عہدے سے ہٹا دیا گیا۔
وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ صوبے میں گندم کی سپلائی اور قیمتوں پر کڑی نگرانی جاری رکھی جائے تاکہ عوام کو کسی قسم کی قلت یا مہنگائی کا سامنا نہ ہو۔




