پاکستان

پاکستان کی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا،امن و ترقی کے لیے ادارہ جاتی تعاون ضروری ہے، فیلڈ مارشل

راولپنڈی: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان کی قومی سلامتی ہر چیز پر مقدم ہے اور پاک فوج وفاقی و صوبائی حکومتوں کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھے گی۔ وہ جی ایچ کیو میں نیشنل سکیورٹی ورکشاپ کے شرکاء سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، ورکشاپ کے شرکاء کو پاکستان کی علاقائی صورتِ حال، اندرونی سکیورٹی چیلنجز، سرحد پار دہشت گردی اور ہائبرڈ خطرات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں سمگلنگ، منشیات کے خاتمے، خطرناک جرائم کے خلاف کارروائیوں اور غیر ملکیوں کی واپسی کے حوالے سے بھی اقدامات پر روشنی ڈالی گئی۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے شرکاء سے بات کرتے ہوئے کہا کہ "خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال اور جیو پولیٹیکل چیلنجز کے باوجود پاکستان کے مفادات کا ہر حال میں تحفظ کیا جائے گا۔” انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہر شہری کی حفاظت ہماری اولین ذمہ داری ہے اور پاکستان کی علاقائی سالمیت پر کسی بھی قیمت پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاک فوج، خفیہ ادارے اور دیگر سیکیورٹی ادارے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے ساتھ تمام خطرات کا مقابلہ کر رہے ہیں۔ فیلڈ مارشل نے کہا کہ پاکستان ایک اہم ملک ہے اور دنیا میں اپنا جائز مقام حاصل کر رہا ہے۔

اس موقع پر فیلڈ مارشل عاصم منیر نے قومی اتحاد کی اہمیت پر بھی زور دیا اور کہا کہ "پاکستان کی اصل طاقت قومی وحدت میں ہے، اور دشمن کے تمام عزائم قوم اور اداروں کے باہمی اتحاد سے ناکام بنا دیے جائیں گے۔” ان کا کہنا تھا کہ پائیدار امن اور ترقی کے لیے اداروں میں قریبی تعاون ضروری ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button