لاہور: معروف سوشل میڈیا انفلوئنسر اور یوٹیوبر اذلان شاہ نے اپنی دوسری شادی کرنے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک سٹوری شیئر کرتے ہوئے اپنے مداحوں کو اس اہم فیصلے کے بارے میں آگاہ کیا۔
اپنی سٹوری میں اذلان شاہ نے کہا کہ "یہ ایک ایسا معاملہ ہے جسے میں خود آپ سے شیئر کرنا چاہتا ہوں، کیونکہ بطور مشہور شخصیت میری یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ اس بارے میں آپ کو پہلے بتاؤں۔” انہوں نے مزید کہا کہ "اگرچہ یہ کچھ عجیب لگ رہا ہے، لیکن میں دوبارہ شادی کر رہا ہوں۔ میری اہلیہ نے اس فیصلے پر مکمل رضامندی ظاہر کی ہے، اور میں چاہتا ہوں کہ میری فیملی کو اس ذاتی معاملے سے دور رکھا جائے۔” اذلان شاہ نے اپنے پیغام کے آخر میں مداحوں سے دعاؤں اور نیک تمناؤں کی درخواست بھی کی۔
خیال رہے کہ اذلان شاہ معروف اداکار مرحوم شبیر رانا کے بیٹے ہیں اور انہوں نے 2022 میں سوشل میڈیا انفلوئنسر ڈاکٹر وریشہ جاوید خان سے شادی کی تھی، جن سے ان کی ایک 2 سالہ بیٹی بھی ہے۔ اذلان کا یہ نیا فیصلہ ان کے ذاتی زندگی کا ایک نیا باب ہے، جس پر مداحوں کی جانب سے مختلف ردعمل سامنے آ رہے ہیں.




