لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ پنجاب حکومت کے مثبت اقدامات اور سیلاب متاثرین کی بحالی کی کوششوں سے سیاسی مخالفین کو شدید تکلیف پہنچ رہی ہے اور اس کے خلاف منصوبہ بند مہم چلائی جا رہی ہے۔
انہوں نے پیپلزپارٹی کی بار بار پریس کانفرنسز کو “سیاست کی گھٹیا روش” قرار دیتے ہوئے کہا کہ جب پنجاب پر مشکل وقت آیا تو ایک مخصوص سیاسی جماعت نے اپنی سیاست کو ترجیح دی۔ عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ “مریم نواز شریف کے دباؤ کی وجہ سے مخالفین اتوار کو بھی آرام نہیں کرتے۔ پیپلزپارٹی ہر موقع پر مبالغہ آرائی کرتی ہے، ہم بھی کہتے ہیں کہ ‘مرسو مرسو پانی نہ دیسوں’۔”
وزیر اطلاعات نے پیپلزپارٹی کے رہنما شرجیل میمن کے مناظرے کے چیلنج کو قبول کرتے ہوئے کہا کہ وہ عوام کے سامنے کھل کر بات کرنے کے لیے تیار ہیں اور ساتھ ہی مرتضیٰ وہاب کو کراچی کے بڑھتے ہوئے مسائل بشمول سڑکوں کی خرابی اور امن و امان پر بھی توجہ دینے کی نصیحت کی۔
عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ پنجاب نے ہمیشہ مشکل وقت میں ملک کے دیگر حصوں کی مدد کی ہے اور اپنی ذمہ داریوں کو بخوبی نبھایا ہے، اس کے باوجود بعض سیاسی جماعتیں منفی سیاست کر رہی ہیں، جسے عام لوگ مسترد کرتے ہیں۔




