اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف سے ملائیشیا کے بزنس گروپ گوبی پارٹنرز کے وفد نے ملاقات کی، جس کی قیادت کمپنی کے کو فاؤنڈر اور چیئرمین تھامس ساؤ نے کی ۔ ملاقات کے دوران پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے مواقع پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں جن کے فروغ کے لیے بھرپور کوششیں کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے گزشتہ روز ہونے والی پاکستان ملائیشیا بزنس اینڈ انویسٹمنٹ کانفرنس کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے کاروباری تعلقات کو نئی جہت ملی ہے۔
انہوں نے حکومت کی طرف سے کاروبار کے لیے دوستانہ ماحول فراہم کرنے اور سرمایہ کاری کی سہولتوں کو بہتر بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (SIFC) کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ کونسل بیرونی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیےکام کر رہی ہے۔
شہباز شریف نے گوبی پارٹنرز کی جانب سے پاکستان کے اسٹارٹ اپ ماحولیاتی نظام پر اعتماد کا خیرمقدم کیا اور بتایا کہ حکومت سرمایہ کاری کی سہولیات اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے ذریعے اسٹارٹ اپس کی ترقی میں معاونت کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پائیدار اسٹارٹ اپ ماحولیاتی نظام قائم کرنا ملکی ترقی کی ترجیحات میں شامل ہے۔
وزیراعظم نے ڈیجیٹل معیشت، خاص طور پر فِن ٹیک، ای کامرس اور آئی ٹی خدمات کو قومی ترقی میں مرکزی اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ گوبی پارٹنرز کے وفد نے پاکستان میں ای کامرس اور فنانشل ٹیکنالوجیز کے شعبوں میں تعاون میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان، وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ رانا تنویر حسین، وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اور دیگر اعلیٰ سرکاری حکام بھی موجود تھے۔




