لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اپنے "اپنی چھت، اپنا گھر” پراجیکٹ کے تحت ایک لاکھ کم آمدن والے خاندانوں کو بلاسود اور آسان قرضے فراہم کرنے کا ہدف مکمل کر لیا ہے۔ اس کامیابی پر اظہار تشکر کرتے ہوئے مریم نواز شریف نے اسے ملک کے غریب خاندانوں کے لیے ایک سنگ میل قرار دیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ "اپنی چھت، اپنا گھر” پراجیکٹ نے صرف 10 ماہ میں 100,835 خاندانوں کو 120 ارب روپے کے قرضے جاری کیے ہیں، جن میں سے 22,305 گھروں کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے، اور 64,190 گھر تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں۔
انہوں نے اس کامیابی کو ایک تاریخی لمحہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ "10 ماہ میں ایک سال کے ہدف کا پورا کرنا ایک قابل تقلید مثال ہے، جو یہ ثابت کرتا ہے کہ ہم اپنے عوام کی خدمت میں کس قدر سنجیدہ ہیں۔” مریم نواز نے مزید کہا کہ یہ پراجیکٹ نہ صرف ہاؤسنگ کے شعبے میں انقلاب لا رہا ہے بلکہ غریب طبقے کے لیے اپنے خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کی راہ ہموار کر رہا ہے۔
وزیراعلیٰ نے اس موقع پر اپنے والد اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی کاوشوں کو بھی سراہا، جنہوں نے ہمیشہ غریب عوام کے لیے دل میں جگہ رکھی اور اس خواب کو حقیقت میں بدلنے کی توفیق دی۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی قیادت میں عوامی فلاحی منصوبے ہمیشہ ترجیح رہے ہیں۔
مریم نواز شریف نے عزم ظاہر کیا کہ حکومت پانچ سالوں میں پانچ لاکھ گھروں کا ہدف پورا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ "پہلی بار عام آدمی کو یہ احساس ہوا ہے کہ ریاست ماں کے جیسی ہے، جو اپنے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے ہمہ وقت کوشاں رہتی ہے۔”




