راولپنڈی: تاجکستان کے وزیر دفاع کرنل جنرل صابرزادہ امام علی عبداللہ رحیم کا جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی کا دورہ ، جہاں ان کی ملاقات پاک فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ہوئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی، اور دو طرفہ دفاعی تعاون پر تفصیلی بات چیت کی۔ دونوں ممالک نے اپنے افواج کے درمیان تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے اعلامیے کے مطابق، اس ملاقات میں فوجی تربیت، انسداد دہشتگردی، اور علاقائی امن و استحکام جیسے اہم شعبوں پر بھی اتفاق کیا گیا۔ تاجک وزیر دفاع نے پاکستانی فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور خطے میں امن کے قیام کے لیے اس کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے خطے میں امن کے قیام کے لیے نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔
اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے خطے کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے اجتماعی اقدامات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان تاجکستان کے ساتھ دفاعی اور سلامتی کے شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانے کے لیے پرعزم ہے۔




