بین الاقوامی
Trending

سوڈان: اقوامِ متحدہ کے امن مشن پر ڈرون حملہ، 6 بنگلا دیشی اہلکار جاں بحق، پاکستانی دستوں کا کامیاب ریسکیو

 

سوڈان :سوڈان کے کوردوفان ریجن میں اقوامِ متحدہ کے امن مشن کے ایک بیس کو ڈرون حملے کا نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں بنگلا دیش سے تعلق رکھنے والے چھ امن اہلکار جاں بحق جبکہ متعدد دیگر زخمی ہو گئے۔ اقوامِ متحدہ کے مطابق زخمی ہونے والے اہلکاروں میں سے کچھ کی حالت نازک ہے۔

بنگلا دیش کے عبوری سربراہ محمد یونس نے واقعے پر شدید افسوس اور مذمت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ زخمی اہلکاروں کو فوری اور ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔

اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے امن مشن پر حملے کو ناقابلِ قبول قرار دیتے ہوئے کہا کہ اقوامِ متحدہ کے اہلکاروں کو نشانہ بنانا بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے اور ایسے حملے ممکنہ طور پر جنگی جرائم کے زمرے میں آتے ہیں۔

سوڈانی فوج نے ڈرون حملے کا الزام باغی گروہ ریپڈ سپورٹ فورس (آر ایس ایف) پر عائد کیا ہے، تاہم واقعے پر آر ایس ایف کی جانب سے تاحال کوئی ردِعمل سامنے نہیں آیا۔

حملے کے بعد اقوامِ متحدہ کے اڈے پر پاکستانی کوئیک ری ایکشن فورس (QRF) کو فوری طور پر متحرک کیا گیا۔ پاکستانی امن دستوں نے بروقت اور پیشہ ورانہ کارروائی کرتے ہوئے صورتحال کو قابو میں لیا اور 41 بنگلا دیشی فوجیوں کو بحفاظت ریسکیو کیا، جن میں 8 زخمی اہلکار بھی شامل تھے۔ زخمیوں کو موقع پر ہی فوری طبی امداد فراہم کی گئی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button