وزارتِ خزانہ نے آئی ایم ایف کے ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسلٹی (ای ایف ایف) پروگرام کے حوالے سے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ میمورنڈم آف اکنامک اینڈ فنانشل پالیسیز (MEFP) طے شدہ اصلاحاتی ایجنڈے کا ہی تسلسل ہے، جسے اچانک یا غیر متوقع نئی شرائط سمجھنا حقائق سے لاعلمی کے مترادف ہے۔
اعلامیے کے مطابق یہ اصلاحاتی ایجنڈا ملک کے معاشی استحکام اور پائیدار ترقی کے لیے نہایت اہم ہے، جبکہ ای ایف ایف پروگرام طے شدہ درمیانی مدت کی اصلاحاتی حکمتِ عملی کی عکاسی کرتا ہے۔
وزارتِ خزانہ نے واضح کیا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ طے پانے والے اقدامات پہلے سے منظور شدہ فریم ورک کے تحت ہیں اور ان کا مقصد معیشت کو مضبوط بنیادوں پر استوار کرنا ہے۔
دریں اثنا وزیراعظم آفس نے توانائی کے شعبے سے متعلق امور کی نگرانی اور اصلاحات کو تیز کرنے کے لیے وزیرِ توانائی کی سربراہی میں ایک ٹاسک فورس تشکیل دے دی ہے، جو اصلاحاتی عمل پر عملدرآمد کو یقینی بنائے گی۔




