یورپی ممالک نے روس کو یورپ کی سلامتی کے لیے سب سے بڑا خطرہ قرار دیتے ہوئے مشترکہ دفاعی منصوبہ اپنانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ یہ فیصلہ فن لینڈ کے دارالحکومت ہیلسنکی میں آٹھ ممالک کے اجلاس کے دوران کیا گیا۔
اجلاس میں کہا گیا کہ روس کی پالیسیاں یورو اٹلانٹک خطے کے امن و استحکام کے لیے براہِ راست خطرہ بن چکی ہیں اور ان کے اقدامات یورپ کی سلامتی پر منفی اثر ڈال رہے ہیں۔ اجلاس میں شریک ممالک نے دفاعی تعاون کو مزید مضبوط کرنے اور مشترکہ سیکیورٹی حکمتِ عملی اپنانے پر اتفاق کیا۔
سویڈن، فن لینڈ، پولینڈ اور دیگر شراکت دار ممالک نے روس کے ممکنہ خطرات کے پیشِ نظر اپنی دفاعی ترجیحات پیش کیں۔ یورپی کمیشن کے مجوزہ منصوبوں میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال، ڈرون سسٹمز اور اسپیس شیلڈ جیسے اقدامات شامل ہیں۔
رہنماؤں کا کہنا ہے کہ خطے میں بدلتی ہوئی سیکیورٹی صورتحال کے پیشِ نظر مشترکہ اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں تاکہ یورپ کے امن اور سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے۔




