اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے حلال گوشت کی برآمدی پالیسی کی منظوری دے دی ہے، جس کا مقصد عالمی منڈی میں پاکستان کے حلال گوشت کے برآمدی حصے میں اضافہ کرنا ہے۔ اس حوالے سے وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں پالیسی کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ آئندہ دو ہفتوں میں حلال گوشت کی برآمدات میں اضافے کے لیے تین سالہ جامع حکمت عملی تیار کی جائے، جس میں وفاقی وزارتوں اور صوبائی حکومتوں کے درمیان مکمل ہم آہنگی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے پیداوار، کولڈ اسٹوریج، پیکجنگ اور عالمی معیار کی سرٹیفکیشن کو بہتر بنانے پر بھی زور دیا۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پاکستان میں حلال گوشت کی سالانہ پیداوار 6 ملین میٹرک ٹن ہے، جس میں سے مقامی ضروریات پوری کرنے کے بعد قابلِ ذکر مقدار برآمد کے لیے دستیاب ہے۔ وزیراعظم نے لاگت کم کرنے اور بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ بزنس ماڈلز اپنانے کی ہدایت کی تاکہ حلال گوشت کی برآمدات میں خاطرخواہ اضافہ کیا جا سکے۔




