پاکستان
Trending

سی ٹی ڈی کا کامیاب انٹیلی جنس آپریشن، کراچی میں دہشت گردی کی بڑی سازش بے نقاب

 

کراچی: ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی ذوالفقار لارک اور ڈی آئی جی سی ٹی ڈی غلام اظفر مہیسر نے مشترکہ نیوز کانفرنس میں بتایا کہ کراچی میں دہشت گردی کے ایک انتہائی سنگین منصوبے کو ناکام بنا دیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں شہر ایک بڑے نقصان سے محفوظ رہا۔

ایڈیشنل آئی جی ذوالفقار لارک کے مطابق یہ کارروائی کئی ہفتوں پر مشتمل ایک انتہائی پیچیدہ اور پیشہ ورانہ انٹیلی جنس آپریشن کا نتیجہ ہے، جس میں پریمیئر انٹیلی جنس ایجنسی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کلیدی کردار ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بروقت اور فیصلہ کن اقدام سے دہشت گردی کے منصوبے کو عملی شکل اختیار کرنے سے پہلے ہی ناکام بنا دیا گیا۔

ڈی آئی جی سی ٹی ڈی غلام اظفر مہیسر نے بتایا کہ کئی دنوں اور راتوں کی مسلسل محنت کے بعد ایک دہشت گرد کو گرفتار کیا گیا، جس کی نشاندہی پر مختلف علاقوں میں چھاپے مارے گئے۔ ان کارروائیوں کے دوران مزید دو دہشت گردوں کو بھی گرفتار کیا گیا، جبکہ مجموعی طور پر تین دہشت گرد قانون کی گرفت میں آ چکے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ دہشت گرد کراچی سے تقریباً 40 کلومیٹر دور ایک مکان میں بھاری مقدار میں بارودی مواد تیار اور ذخیرہ کیے ہوئے تھے۔ کارروائی کے دوران 2 ہزار کلوگرام سے زائد انتہائی خطرناک دھماکہ خیز مواد برآمد کیا گیا، جسے بم ڈسپوزل یونٹ نے ناکارہ بنایا اور بعد ازاں حب کے علاقے میں محفوظ طریقے سے تلف کر دیا گیا۔

ڈی آئی جی کے مطابق گرفتار دہشت گردوں نے انکشاف کیا ہے کہ ان کی وابستگی بشیر زیب گروپ، کمانڈر بشیر زیب اور مجید بریگیڈ (فتنہ الہندوستان) سے ہے، جبکہ بی ایل اے کی جانب سے دہشت گردی کی منصوبہ بندی بیرونِ ملک کی گئی تھی۔ دہشت گرد کراچی میں مختلف دہشت گردانہ کارروائیاں کرنا چاہتے تھے۔

غلام اظفر مہیسر نے بتایا کہ مختلف انٹیلی جنس اور حساس اداروں کے باہمی تعاون، مسلسل نگرانی اور غیر معمولی چوکنا پن کے باعث اس سازش کو بے نقاب کیا گیا۔ تاہم کارروائی کے دوران تین دہشت گرد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، جن کی گرفتاری کے لیے مزید چھاپے جاری ہیں۔

سی ٹی ڈی حکام کے مطابق بھاری مقدار میں بارودی مواد کی برآمدگی سے بے شمار قیمتی جانیں بچائی گئیں، جبکہ گرفتار دہشت گردوں سے تفتیش جاری ہے اور مزید اہم پیش رفت متوقع ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button