راولپنڈی / شمالی وزیرستان: پاک فوج نے شمالی وزیرستان اور پاک افغان سرحدی علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن معرکہ "آپریشن غضب للحق” تیز کر دیا ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، زمین اور فضا سے کیے جانے والے مشترکہ حملوں میں دشمن کے نیٹ ورک کو مفلوج کر دیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کو بھاری جانی و مالی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔
سکیورٹی ذرائع نے تازہ ترین صورتحال کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا ہے کہ پاک فوج کی فضائیہ اور آرٹلری نے افغان طالبان کی متعدد سٹریٹجک پوسٹوں کو نشانہ بنا کر انہیں مکمل طور پر ملیا میٹ کر دیا ہے۔
شدید دباؤ اور مؤثر حکمت عملی کے باعث دہشت گرد اپنے ٹھکانے اور اسلحہ چھوڑ کر پسپا ہونے پر مجبور ہو گئے ہیں۔ پاک فوج کے جوانوں نے زمینی کارروائی کے ذریعے دہشت گردوں کی سپلائی لائنز کاٹ دی ہیں اور اہم علاقوں کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آپریشن غضب للحق اپنے حتمی اہداف کے حصول اور علاقے سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک بغیر کسی تعطل کے جاری رہے گا۔ پاک فوج کے جوان بلند حوصلوں کے ساتھ سرحدوں کی حفاظت کر رہے ہیں اور کسی بھی قسم کی بیرونی یا اندرونی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جا رہا ہے۔




