ریاض / راولپنڈی: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے اہم دورہ سعودی عرب نے خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال میں نئی اہمیت اختیار کر لی ہے۔ آئی ایس پی آر (ISPR) کے مطابق، فیلڈ مارشل نے سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان سے ملاقات کی، جس میں ایران کے حالیہ ڈرون اور میزائل حملوں کے بعد پیدا ہونے والے سیکیورٹی بحران پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے پاک سعودی اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے کو فعال کرتے ہوئے مستقبل میں حملوں کو روکنے کے لیے مشترکہ اقدامات پر غور کیا۔ اعلامیے کے مطابق بلااشتعال جارحیت کو علاقائی امن اور استحکام کے لیے شدید خطرہ قرار دیا گیا۔
پاکستان اور سعودی عرب نے برادر ملک ایران سے تحمل، تدبر اور دانشمندی کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی ہے تاکہ کسی بھی غلط فہمی سے بچا جا سکے۔دونوں ممالک نے اس بات پر زور دیا کہ تنازعات کا حل صرف پرامن مذاکرات اور سفارت کاری میں ہے، جارحانہ اقدامات سے گریز لازم ہے۔
پاکستان نے واضح کیا ہے کہ وہ خطے میں امن و استحکام کے لیے اپنا کلیدی کردار جاری رکھے گا۔ فیلڈ مارشل اور سعودی وزیر دفاع نے اتفاق کیا کہ دوست ممالک کو اس بحران کے پرامن حل کے لیے اپنی کوششیں تیز کرنی چاہئیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق، امید ظاہر کی گئی کہ ایران فہم و فراست کا مظاہرہ کرے گا تاکہ خطے کو مزید کشیدگی سے بچایا جا سکے۔




