اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات میں مثبت پیشرفت خوش آئند ہے، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان سٹریٹجک شراکت داری مزید مضبوط ہو رہی ہے۔
اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ اعلیٰ سطح کے روابط پاک امریکا تعلقات کی نمایاں خصوصیت ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے ساتھ ہونے والی دو ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات کو مزید مضبوط بنیادوں پر استوار کرنا دونوں ممالک کا مشترکہ مقصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان پارلیمانی روابط کی اہمیت پہلے سے بڑھ گئی ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان باہمی احترام اور مشترکہ مفادات کی بنیاد پر امریکا کے ساتھ تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔




