اسلام آباد : وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ڈپلومیٹک انکلیو میں چینی سفیر جیانگ زیڈونگ سے ملاقات کی، جس کا بنیادی مقصد پاکستان میں مقیم چینی شہریوں اور سرمایہ کاروں کے لیے فول پروف سکیورٹی اقدامات کو حتمی شکل دینا تھا۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے ملاقات کے دوران ایک بڑے انتظامی فیصلے سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ غیر ملکی شہریوں، خصوصاً چینی ماہرین اور ورکرز کے تحفظ کے لیے ایک جدید سپیشل پروٹیکشن یونٹ قائم کیا جا رہا ہے۔ اس یونٹ کا مقصد سکیورٹی کے روایتی طریقوں سے ہٹ کر جدید ٹیکنالوجی اور تربیت یافتہ فورس کے ذریعے حفاظتی حصار قائم کرنا ہے۔
پاکستان میں چینی سرمایہ کاری کو فروغ دینے اور تحفظ فراہم کرنے کے لیے ایک دو مرحلہ وار بزنس کانفرنس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
چینی سفیر جیانگ زیڈونگ نے وزیر داخلہ کا سفارت خانے آمد پر خیر مقدم کیا اور سکیورٹی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ پاکستان اور چین کی معاشی شراکت داری کو سبوتاژ کرنے کی کسی بھی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ وزیر داخلہ نے کہاکہ چینی شہریوں کا تحفظ ہماری قومی ذمہ داری ہے اور ہم اس حوالے سے کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کریں گے۔




