اسلام آباد: وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف ڈھال بنا ہوا ہے جبکہ بھارت اسے ریاستی پالیسی کے طور پر فروغ دے رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان میں ہونے والی تخریب کاری کے تانے بانے براہِ راست بھارتی سرزمین سے جڑتے ہیں۔
عطا تارڑ نے کہا کہ بھارت نے ایک بار پھر ‘پہلگام ڈرامہ’ رچا کر دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش کی، مگر پاکستان نے اس جھوٹے آپریشن کا پول پوری دنیا میں کھول دیا ہے۔ وزیرِ اطلاعات نے یاد دلایا کہ وزیراعظم پاکستان نے پہلگام واقعے کی غیر جانبدار عالمی تحقیقات کی پیشکش کی تھی، مگر بھارت کے پاس کوئی ثبوت نہیں تھا، اس لیے وہ انکوائری سے بھاگ نکلا۔ انہوں نے کہا کہ "اگر بھارت سچا ہوتا تو تحقیقات میں ایک منٹ نہ لگاتا۔
بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی اور پانی روکنے کی دھمکیوں پر عطا تارڑ نے دوٹوک پیغام دیا اگر پاکستان کا پانی روکنے کی جسارت کی گئی تو ہمارا جواب بھرپور، فوری اور فیصلہ کن ہوگا۔ ہم اپنے آبی حقوق کا تحفظ ہر قیمت پر کریں گے۔
عطا تارڑ نے مزید کہا کہ بھارت عالمی سطح پر ثبوت فراہم کرنے میں ناکام رہا ہے، جس کی وجہ سے اسے سفارتی تنہائی کا سامنا ہے۔ پاکستان کی امن پسندانہ پالیسیوں اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں دی گئی قربانیوں کا اعتراف پوری دنیا کر رہی ہے، جبکہ بھارت کا انتہا پسند چہرہ اب سب کے سامنے عیاں ہو چکا ہے۔




