اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے درمیان اہم ملاقات ہوئی جس میں پی ایس ایل کے پلے آف مرحلے کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے۔ وزیراعظم نے عوامی مطالبے پر پلے آف کے تمام تینوں میچز میں شائقین کرکٹ کو اسٹیڈیم میں آنے کی مشروط اجازت دے دی ہے۔
ملاقات کے دوران ملک کی مجموعی صورتحال اور کھیلوں کی سرگرمیوں پر بات چیت کی گئی۔ وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ کرکٹ پاکستان کا جنون ہے اور شائقین کو اس سنسنی خیز مرحلے سے محروم نہیں رکھا جا سکتا۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ‘ایکس’ پر اپنے پیغام میں اس فیصلے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا شائقین آنے والے میچز میں ہائی وولٹیج مقابلوں کی توقع رکھیں۔
سٹیڈیم کے گردونواح میں رش سے بچنے کے لیے تمام شائقین پبلک ٹرانسپورٹ کو ترجیح دیں۔
وزیراعظم کی جانب سے اجازت ملنے کے بعد انتظامیہ کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔ حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ اسٹیڈیم آنے والے شہریوں کے لیے داخلے کے عمل کو سہل بنایا جائے اور فول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنایا جائے تاکہ کرکٹ کے دیوانے پرامن ماحول میں میچ سے لطف اندوز ہو سکیں۔




