اسلام آباد: وفاقی آئینی عدالت نے ملک میں رائج قدیم سرداری نظام کے اثرات کو سرکاری دستاویزات سے الگ کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ عدالت نے اپنے حالیہ فیصلے میں قرار دیا ہے کہ شناختی دستاویزات کی تصدیق صرف وہی حکام کر سکتے ہیں جنہیں قانون نے مجاز قرار دیا ہے۔
عدالت نے قرار دیا کہ شناختی دستاویزات (CNIC) اور سکونتی سرٹیفکیٹ (Domicile) حساس سرکاری دستاویزات ہیں جن کا اجراء ایک قانونی عمل ہے۔ چونکہ سرداری نظام دہائیوں قبل ختم ہو چکا ہے، اس لیے کسی سردار کی مہر یا دستخط قانونی تصدیق کے زمرے میں نہیں آتے۔ عدالت نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ دستاویزات کے اجراء کے عمل میں صرف قانونی طور پر نامزد افسران کی تصدیق کو ہی قبول کیا جائے۔




