لاہور: پاکستان سپر لیگ کے فائنل کا اسٹیج سج گیا، جہاں کرکٹ کی دنیا کے دو بڑے نام، بابر اعظم اور مارنس لبوشین، آمنے سامنے ہیں۔ میچ سے قبل دونوں کپتانوں نے اپنی اپنی ٹیموں کی فتح کا دعویٰ کرتے ہوئے شائقین کے جوش و خروش کو انتہا پر پہنچا دیا ہے۔
کپتان بابر اعظم نے فائنل کو یادگار بنانے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا ہر کپتان کی طرح میرا بھی خواب ہے کہ پی ایس ایل الیون کی ٹرافی اٹھاؤں۔ پرفارمنس کا دباؤ: بابر نے واضح کیا کہ لاہور کے تماشائیوں کے سامنے کھیلنے کا کوئی دباؤ نہیں، بلکہ بھرا ہوا اسٹیڈیم کھلاڑیوں کو بہتر پرفارم کرنے کی ترغیب دیتا ہے۔ انہوں نے ٹیم کی جیت کے لیے فرنٹ سے لیڈ کرنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔
دوسری جانب حیدرآباد کے قائد مارنس لبوشین نے ٹیم کے بلند حوصلے کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہم یہاں تک آسان فتوحات سے نہیں بلکہ سخت مقابلے کر کے پہنچے ہیں۔ کھلاڑیوں نے اپنی مہارتوں (Skills) کا بھرپور مظاہرہ کیا ہے۔”لبوشین کا کہنا تھا کہ وہ دوسروں کے بجائے اپنی ٹیم کے پلان پر فوکس کریں گے اور انہیں پورا یقین ہے کہ ان کے کھلاڑی فائنل میں بھی اسی تسلسل کو برقرار رکھیں گے۔
پشاور زلمی کی بیٹنگ لائن اور حیدرآباد کنگز مین کی متوازن ٹیم کے درمیان یہ فائنل ایک ‘ہائی وولٹیج’ مقابلہ ثابت ہونے والا ہے۔ قذافی اسٹیڈیم میں شام 7 بجے شروع ہونے والے اس میچ میں جو ٹیم اعصاب پر قابو رکھے گی، وہی پی ایس ایل الیون کی چیمپئن بنے گی۔




