راولپنڈی: وطنِ عزیز کے دفاع اور جرات کی علامت ‘معرکہِ حق’ کو ایک سال مکمل ہو گیا ہے۔ اس موقع پر آئی ایس پی آر کا وہ تاریخی ملی نغمہ ‘اللہ اکبر، تیار ہیں ہم’ ایک بار پھر سوشل میڈیا اور قومی میڈیا پر ٹرینڈ کر رہا ہے، جس نے اپنی ریلیز کے وقت قوم کے جذبات کو ایک نئی بلندی عطا کی تھی۔
اس ملی نغمے کی خاص بات اس کی سحر انگیز آواز اور الفاظ کا انتخاب ہے جس نے سامعین پر سحر طاری کر دیا۔ نغمے کے ایک ایک شعر میں چھپا تڑپ اور عزم آج بھی لہو گرما دینے کے لیے کافی ہے۔ موسیقی کے ماہرین کے مطابق، اس کی دھن میں موجود ارتعاش براہِ راست دل پر اثر کرتا ہے، جو اسے حالیہ دور کے بہترین ملی نغموں کی فہرست میں شامل کرتا ہے۔
نغمے کے اشعار میں دشمنِ ملک بھارت کو مخاطب کرتے ہوئے جو پیغام دیا گیا ہے، وہ آج بھی مودی سرکار کے ایوانوں میں گونج رہا ہے۔ نغمے کا مرکزی پیغام یہ ہے ۔ بھارت نے جس قوم کو للکارنے کی جرات کی ہے، وہ اپنی آزادی کا تحفظ کرنا جانتی ہے۔
"باہمت قوم” کے عنوان سے دشمن کو باور کرایا گیا ہے کہ بزدلانہ کارروائیوں کا جواب ہمیشہ ‘تیار ہیں ہم’ کی صورت میں ملے گا۔ یہ نغمہ بھارتی پروپیگنڈے کے خلاف پاکستان کے مضبوط دفاعی عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
گزشتہ ایک سال سے یہ نغمہ ہر تقریب، اسکولوں کے پروگراموں اور فوجی پریڈز کی جان بنا ہوا ہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ "اللہ اکبر” کی صدا جب اس نغمے میں گونجتی ہے تو ایمان تازہ ہو جاتا ہے اور دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملتے محسوس ہوتے ہیں۔




